اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) برطانیہ کے ایوان زیریں کی ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجیلا رائینر نے کہا ہے مستقبل میں ایسی ماحولیاتی تباہی کو روکنے کے لئے عالمی سطح پر بھرپور کوششیں کی جانی چاہئیں.تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ماحولیاتی تبدیلی اور سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والے جانی نقصان اور املاک کی تباہی کے پیش نظر دنیا کو اس مسئلہ کا ایک پائیدار حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انجیلا رائینر جنہوں نے برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن واجد خان کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا. انہوں نے کہا ماحولیاتی تبدیلی تیزی سے دنیا کو متاثر کررہی ہے اور پاکستان اس کا پہلا شکار بن گیا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بھرپور کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اگلے ماہ مصر میں ہونے والے کوپ27 اجلاس میں اس مسئلہ کو اٹھائے گا اور عالمی برادری پر زور دے گا کہ وہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے پائیدار حل تلاش کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی اس کے نتیجے میں پاکستان اور دنیا کے دیگر علاقوں کو پائیدار اور منظم طریقے سے زیادہ مدد ملے گی جنہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کی تباہی کا سامنا کیا ہے۔ لارڈ واجد خان نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کردار بہت کم ہے لیکن پاکستان اس سے شدید متاثر ہوا ہے، ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے عالمی سطح پر کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ ریزنگ میں بھی حصہ لے رہے ہیں تاکہ متاثرین کی مدد جاری رکھی جاسکے۔
انجیلا رائینر