لاہور ( نیوز رپورٹر) چیئرمین قائمہ کمیٹی عابدہ راجہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوا۔ سیکرٹری عنایت اللہ لک، سیدہ امانت محسن، نسرین طارق، ام البنین علی، خدیجہ عمر، زینب عمیر ساجدہ بیگم، منان خان میاں،اعجاز حسین بھٹی، رابعہ احمد بٹ و دیگرنے شرکت کی۔چیئر مین عابدہ راجہ نے پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کی جاری سرگرمیوں اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
سیکرٹری نے بتایا کہ پی ڈبلیو ڈی ہیلتھ ورکرز نچلی سطح پر خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوٹی سے بالاتر ہو کر کام کر رہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ ثمن رائے نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پنجاب کے لئے ایک چیلنج ہے۔
لوگوں پر زور دینے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنے وسائل کے مطابق اپنے خاندانوں کی منصوبہ بندی کریں۔عابدہ راجہ نے کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے اشتہارات اور تشہیر کے بجٹ میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پنجاب بھر میں خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کے فروغ کے لئے مو¿ثر مواصلاتی مہمات لازمی ہیں۔
اس کے علاوہ، خواتین اور بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے خدشات کو حل کیا جانا چاہئے۔