اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا کام 7نومبر2021ء سے شروع کیا تھا اور تمام مراحل کی تکمیل کے بعد حتمی انتخابی فہرستیںآج 7اکتوبر 2022ء کوشائع کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ 07اکتوبر 2022ء کو شائع کی جانے والی حتمی انتخابی فہرستوں میں موجود ووٹرز کے اعداد وشمارکے مطا بق بلوچستان میں کل ووٹرز 5,090,857 جن میں مرد ووٹرز2,212,825 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 2,878,032 ہے۔ خیبر پی کے میں کل ووٹرز20,821,301 جن میں مرد ووٹرز9,385,060 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11,436,241ہے۔ پنجا ب میں کل ووٹرز کی تعداد 70,620,025 ہے جن میں مرد ووٹرز32,070,111 اور خواتین ووٹرز 37,565,437شامل ہیں۔ سند ھ میں کل ووٹرز کی تعداد 25,663,939 ہے جن میں مر د ووٹرز11,655,674 اور خواتین ووٹرز14,008,265 شامل ہیں ۔ اسلام آباد میں کل ووٹرز 984,477 ہیں جن میں 466284مر د ووٹرز جبکہ 518193خواتین ووٹرز شامل ہیں ۔ الیکشن کمشن کے مطابق ملک بھر میں کل ووٹرز کی تعداد 122,196,122 ہے جن میں مر د ووٹرز کی تعداد 55,789,954 ہے جبکہ خواتین ووٹرز 66,406,168 ہے ۔ یہ بات ملحوظ خاطر رہے کہ ابھی بھی ووٹ کی درستگی ممکن ہے۔ ان حتمی انتخابی فہرستوں میں نئے ناموں کا اندراج، ووٹ کا ٹرانسفر یا اخراج اور کوائف کی درستگی کا عمل 7اکتوبر کو 2022کو اشاعت کرتے ہی شروع ہو جائے گا اور تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں عوام کی سہولت کے لئے دفتری اوقات کار میں دستیاب ہوں گے۔ یاد رہے 16 اکتوبر 2022ء کو ہونے والے ضمنی انتخابات اور 23اکتوبر 2022ء کو ہونے والے کراچی ڈویژن بلدیاتی انتخابات پرانی ووٹر لسٹوں پر ہوں گے اور اس سلسلہ میں نئی ووٹر لسٹ استعمال نہیں ہوگی۔ جبکہ 16 اکتوبر 2022ء کو ہونے والے ضمنی انتخابات اور 23 اکتوبر 2022ء کو کراچی ڈویژن بلدیاتی انتخابات کے متعلقہ حلقوں کے ووٹروں کو الیکشن کمشن موبائل 8300 سروس کے ذریعے پرانی ووٹر لسٹوں کے مطابق معلومات فراہم کی جائیں گی۔