اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) عالمی بنک نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث غربت اور مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ جس سے مزید 90 لاکھ تک افراد غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کی معیشت کی شرح نمو صرف 2 فیصد رہنے کا امکان ہے، ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں معیشت کی بحالی بتدریج ہوگی، اگلے مالی سال میں حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.2 فیصد تک جانے کا امکان ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق ابتدائی تخمینے بتاتے ہیں کہ پاکستان میں غربت کی شرح 2.5سے 4فیصد پوائنٹس تک جاسکتی ہے، غربت کی اس شرح سے 58سے 90لاکھ افراد غربت کا شکار ہو سکتے ہیں، پاکستان ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ 2022ء میں عالمی بینک نے کہا کہ اخراجات بڑھنے اور ٹیکس ریونیو میں کمی کا خدشہ ہے۔ خوراک اور توانائی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کی شرح 23 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کی پیداوار میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگلے سال سے کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے میں کمی متوقع ہے۔ رپورٹ میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہنگامی معاشی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کو دو ارب ڈالر فراہم کرے گا، جن میں سے ایک ارب ڈالر فوری ملنے کا امکان ہے۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان کی مزید ہنگامی امداد میں تیزی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، پاکستان کے قرضوں کی شرح رواں سال 71 اعشاریہ 7 فیصد ہے جو آئندہ سال بڑھ کر 71 اعشاریہ 9 فیصد ہوجائے گی۔ رواں مالی سال 2023 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 4.3 فیصد کا امکان ہے، حالیہ سیلاب کی تباہی سے پاکستان کے رواں مالی سال کے اہداف متاثر ہوں گے، پاکستان میں سیلاب سے 10 ارب ڈالر سے 40 ارب ڈالر معاشی نقصان کا تخمینہ ہے، سیلاب سے پیداوار میں کمی اور مہنگائی میں اضافہ کا خدشہ ہے، پاکستان کو اپنی ضروریات کیلئے غذائی اجناس درآمد کرنی پڑیں گی۔ رپورٹ کے مطابق خوراک کی اشیاء کی درآمد سے درآمدی بل میں اضافہ ہوگا، پاکستان کو مانیٹری اور مالیاتی پالیسی میں بہتری کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، عالمی بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال 2022 میں صنعتی ترقی کی نمو 7.2 فیصد تھی، رواں مالی سال 2023 سروسز کی گروتھ 3.2 فیصد، آئندہ مالی سال 2024 میں خدمات کے شعبے کی نمو 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔
سیلاب سے مہنگا ئی بڑھ گئی ، 90لاکھ لوگ غربت کا شکار ہو سکتے ہیں ، 2ارب ڈالر دیں گے، عالمی بنک
Oct 07, 2022