لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کے وقت جو کہیں گے اس پر عمل کریں گے۔ رانا ثناء اللہ اپنے اردگرد دیکھ لیں کہ کس کی حکومتیں ہیں۔ پنجاب عمران خان کا اپنا ہے۔ خیبر پی کے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بھی عمران خان کا اپنا ہے۔ لانگ مارچ ہوا تو رانا ثناء اللہ کو کھڑے ہونے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا نواز شریف سے ملنے کا کوئی شوق ہے نہ ہی ان سے ملنا چاہتا ہوں۔ کافی عرصہ ساتھ رہنے کے بعد انسان کو سیکھ جانا چاہئے، مجھے ان کے گھر کے ایک ایک شخص کا علم ہے۔ ان لوگوں نے ہمارے ملک کا برا حال کیا ہے۔ سیلاب کے دوران شہباز شریف نے پنجاب کے ساتھ بالکل اچھا سلوک نہیں کیا۔ افسوس ہوتا ہے کہ پنجاب نے شریف خاندان کو دو تین دفعہ وزیراعلیٰ اور وزیراعظم بنایا لیکن ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انہوں نے ایک پیسہ تک نہیں دیا۔ عمران خان نے اپنے ویژن اور سوچ کے ذریعے سیلاب متاثرین کیلئے بھرپور عطیات جمع کئے۔ عمران خان کی مقبولیت کی وجہ سے کامیاب ٹیلی تھون ہوئی جس میں میں بھی شامل تھا۔ ہم نے ٹیلی تھون کے ذریعے اڑھائی ارب روپے جمع کئے۔ رانا ثناء اللہ نے معصوم خواتین اور بچوں پر گولیاں چلائیں۔ رانا ثناء اللہ کا اعترافی بیان اسمبلی میں موجود ہے جو ہم بطور ثبوت عدالت کو دینے جا رہے ہیں۔ وہاں پر اس نے یہی کہا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بن رہی تھی، ہم نے اور بھی کرنا تھا۔ رانا ثناء اللہ سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ہم نے مایہ ناز وکلائ، سیکرٹری قانون اور ایڈووکیٹ جنرل پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انہیں سزائیں ہوں گی۔ پرویزالٰہی نی پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی مہم کو مزید موثر بنانے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں لندن سے کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کی موثر مانیٹرنگ اور درست رپورٹنگ کی جائے اور انسداد ڈینگی اقدامات کے ساتھ کلینکل مینجمنٹ پر پورا فوکس کیا جائے۔ انسداد ڈینگی کی ٹیموں کو نچلی سطح پر متحرک کیا جا ئے اور ٹیمیں باقاعدگی سے وزٹ کریں اور ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔ ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کریں اور خود صورتحال کا جائزہ لیں۔ میٹنگز اور وزٹ کی رپورٹ باقاعدگی سے وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ اتوار اور دیگر تعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی کیلئے کام جاری رکھا جائے۔ سرویلنس ٹیمیں ہاٹ سپاٹ علاقوں پر خصوصی توجہ دیں۔ لاہور میں ہی نہیں بلکہ پنجاب کے ہر شہر میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں نظر آنی چاہئیں۔ ڈینگی مچھر کی بریڈنگ سپاٹس کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جائے۔ ڈینگی سے بچاؤ کی مہم میں کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے۔ مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب پرویز الٰہی نے حیدر آباد کے نزدیک انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانوں جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔