کوٹری/ جامشورو / سیہون شریف (نامہ نگاران +نوائے وقت رپورٹ) انڈس ہائی وے روڈ پر مانجھند کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں 13 افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ کے مطابق انڈس ہائی وے پر ٹرک اور بس میں تصادم کے دوران13 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو بچے، 3 خواتین سمیت 13افراد موقع پر ہی چل بسے، جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے بہاولپور سے بتایا جاتا ہے۔زخمیوں میں محمد اشرف، عتیق الرحمان، محمد ظفر، جاوید، حسنین، خاتون راجپوت، نورین راجپوت، راشد، محمد طارق، وسیم، ضمیرہ بلوچ سمیت دیگر شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق مسافربس نمبر جی ایل ٹی ڈی 1895ء کراچی سے پنجاب جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔ بس اور ٹرک کے دونوں ڈرائیورز بھی جاں بحق ہو گئے، پولیس زخمیوں کو لمس ہسپتال جامشورو منتقل کردیا گیا ہے جبکہ نعشیں مانجھند ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔