لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان سہ فریقی سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش مد مقابل ہوں گے۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کرائسٹ چرچ میں سہ ملکی سیریز کی تیاری کیلئے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جہاں تمام کھلاڑیوں نے کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی ٹریننگ کی۔ تین گھنٹے تک جاری سیشن میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی ٹریننگ کی۔ موسم میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے کرائسٹ چرچ میں جمعرات کو بھی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں تاہم محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج جمعہ کو دوپہر کے وقت موسم خوشگوار ہوجائیگا۔بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پاکستان کیخلاف پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے ۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں سہ ملکی سیریز سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا۔ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کیخلاف یہ میچز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں معاونت کرینگے۔ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی،نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے۔
،نیوزی لینڈ کے پاس کین ولیمسین، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ جیسے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں،یہاں کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں۔ یہاں کی باؤنسی پچز پر کھیلنے سے ورلڈ کپ کی تیاری ہوگی،انگلینڈ کے خلاف ہم نے مختلف کمبی نیشن آزمائے جس سے اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہوا۔ اس سیریز میں ہماری کوشش ہو گی کہ ان کھلاڑیوں کو آزمائیں جنہیں ورلڈکپ میں کھلانا ہے۔