کراچی(کامرس رپورٹر)اٹلس گروپ نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران برآمدات کے شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 12ہزار موٹرسائیکلز برآمد کی ہیں جبکہ گروپ کی کمپنیوں کے تیار کردہ 2ملین ڈالر مالیت کے پرزہ جات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔اٹلس گروپ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایکسپورٹ کے شعبہ میں پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستان کے تیار کردہ پرزہ جات اپنے معیار کی بدولت جگہ بنارہے ہیں۔اٹلس ہونڈا کے نمائندے آفاق احمد کے مطابق کمپنی مستقبل میں موٹرسائیکل اور پرزہ جات کی برآمدات کے مزید مواقع تلاش کررہی ہے اور ایسے نئے پارٹس اور ماڈلز زیر غور ہیں جن کی گلوبل سپلائی چین کا حصہ بننے کے امکانات ہیں۔آفاق احمد نے امید ظاہر کی کہ موٹرسائیکل انڈسٹری میں نمایاں نمو آسکتی ہے جس کی بنیادی وجوہات میں مقامی سطح پر پرزہ جات کی پیداوار اور جاپانی کمپنیوں ہونڈا، ہٹاچی، ڈینسو اور جی ایس یوازا کی جانب سے ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں۔ معیار کے وعدے، قابل بھروسہ مصنوعات اور برآمدات میں اضافہ اٹلس ہونڈا کے اسٹریٹجک ویڑن اور مشن کا حصہ ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ معاشی صورتحال او زرمبادلہ کی پابندیوں کے مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔ ڈی ٹی آر ای جیسی ریجیمز کے زریعے برآمدات سے عالمی سپلائی چین پاکستان کو ایکسپورٹ کے اہم مرکز کا درجہ دے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسیان ملکوں اور بھارت سے مسابقت کرتے ہوئے گلوبل پارٹس مارکیٹ میں اپنا حصہ حاصل کرنا ایک چیلنج ہے جس کے لیے پاکستان کو اب تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔
آفاق احمد نے کہا کہ حکومت کی درست مدد اور مارکیٹ تک رسائی بڑھانے کی کوششوں کے ثریعے آٹو انڈسٹری اور پرزہ جات بنانے والوں کے لیے انٹرنیشنل مارکیٹ میں جگہ بنانے کے مواقع بڑھائے جاسکتے ہیں۔