لاہور(خبر نگار) کمشنرلاہور عامر جان نے ایل ڈی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتارتیز کی جائے، شہریوں کی سہولت کے لئے انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے تاہم ان کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے۔کمشنر لاہور نے گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہرٹاﺅن کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات شہر کے چہرے پر بدنما داغ ہیں، یہ شہر میں بے ہنگم ٹریفک اور دیگر مسائل کی جڑ ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ غیرقانونی اور بلااجازت تعمیرات کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لئے منظور شدہ نقشہ جات اور بلڈنگ بائی لاز پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایاجائے۔کمشنر لاہور عامر جان نے ایل ڈی اے آفس میں ون ونڈو سیل کا بھی دورہ کیا۔