کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بیکن ہاؤس گروپ کے درمیان پاتھ وے اسکالرشپ پروگرام کے تحت تین سالہ شراکت داری قائم ہوگئی جس کے ذریعے، بیکن ہاؤس 11، 14اور 16سال کی عمر کے پیشہ ور کرکٹرز کو سالانہ 100 تعلیمی وظائف فراہم کرے گا۔ اقدام کا مقصد پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے ستاروں کی تعلیم اور ترقی ہے جنہیں ملک بھر کے بیکن ہاؤس کیمپسز میں مفت تعلیم تک رسائی فراہم کی جائے گی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسربیکن ہاؤس قاسم قصوری نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ کے لیے اپنے جذبے اور صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں ۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی پاتھ وے پروگرام پاکستان کرکٹ کی قسمت بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیکن ہاؤس کے ساتھ شراکت داری ہمارے کھلاڑیوں کو ان کی کرکٹ اور تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ہماری جستجو میں ایک اہم سنگ میل ہے۔