وفاقی حکومت ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گی،طارق بشیر چیمہ

اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور وفاقی وزیر سید نوید قمر نے جمعرات کو وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق میں دوبارہ تشکیل شدہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔شوگر ایڈوائزری بورڈ کے ممبران میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق، وفاقی وزیر تجارت، قومی غذائی تحفظ اور تحقیق، کامرس اور انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن کے وفاقی سیکریٹریز، تمام صوبوں کے نمائندے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہیں۔شوگر ایڈوائزری بورڈ چینی سے متعلق معاملات پر سفارشات فراہم کرتا ہے۔ یہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور شوگر انڈسٹری/کاشتکار/ایسوسی ایشنز کے ممبران پر مشتمل ہے۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق طارق بشیر چیمہ نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ یہ فورم کاشتکاروں، شوگر ملز اور شوگر انڈسٹری سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کی بہتری کے لیے کام کرتا رہے گا۔ اجلاس میں بورڈ ممبران نے سیلاب کے بعد کی صورت حال میں چینی کی قیمت، پیداوار اور اسٹاک پر تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے نقصانات کے اعدادوشمار اور اجناس کے اسٹاک کی تصدیق کی جائے۔ شوگر ملز ایسوسی ایشنز کی جانب سے چینی کے سرپلس کا معاملہ اٹھانے پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے شرکا کو بتایا کہ وفاقی حکومت ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گی اور صارفین کے لئے قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ایسوسی ایشنز کے دعوﺅں کی مکمل تصدیق کیے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی۔
طارق بشیر چیمہ

ای پیپر دی نیشن