وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جرمنی پہنچ گئے، برلن ائیرپورٹ پر استقبال

Oct 07, 2022 | 11:29

ویب ڈیسک

برلن: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روزہ سرکاری دورے کیلئے جرمنی پہنچ گئے ہیں، برلن ائیرپورٹ پر ان کا استقبال پاکستانی سفارتخانے کے حکام اور جرمن حکومت کے نمائندگان نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران جرمن حکومت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ دورۂ جرمنی کے دوران پاک جرمنی تعلقات، تجارت اور معیشت پر پیشرفت متوقع ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا بطور وزیر خارجہ جرمنی کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے جس میں جرمنی کی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوگی۔ ہفتے کے روز وزیر خارجہ وطن واپسی کیلئے روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سیلاب زدگان کی مدد کررہی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں، سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد کے متعلق سوچنا ہوگا۔

گزشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاحال سیلابی پانی ملک کے بڑے حصے کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقے سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ یہ پانی دریاؤں کی بجائے آسمان سے آیا ہے۔

مزیدخبریں