لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک سرفراز حسین کھوکھر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ سرفراز حسین کھوکھر 2018ءمیں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 173 سے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے ویڈیو بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کی اداروں کے ساتھ تصادم کی پالیسی کی وجہ سے پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔ پی ٹی آئی کی پالیسی ملکی مفاد میں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کے باوجود پارٹی ریاستی اداروں کے خلاف جارحانہ بیانیے پر قائم ہے۔ سرفراز حسین کھوکھر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا بیانیہ ملکی مفاد کیلئے نقصان دہ ہے لہٰذا پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔