سینکڑوں غیر قانونی گیس کنکشن منقطع، ایس ڈی او فیصل آباد بجلی چوری کرتے پکڑا گیا

لاہور+ فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندگان خصوصی + این این آئی) سوئی ناردرن نے پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مزید 179 غیر قانونی گیس کنکشن منقطع کر دیے ہیں، اور 48 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 27 کنکشن اور کمپریسر کے غلط استعمال پر 10 کنکشن منقطع کیے، جبکہ 19 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ گوجرانوالہ میں 7 غیر قانونی کنکشنز اور 1 کمپریسر کنکشن منقطع کیا گیا، جس پر 3 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانہ کیا گیا۔ فیصل آباد میں 7 کنکشنز منقطع کیے گئے اور 60 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ شیخوپورہ میں 6 کنکشنز منقطع کیے گئے اور 12 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ ملتان میں 32 کنکشنز غیر قانونی استعمال اور 4 کمپریسر کے استعمال پر منقطع کیے گئے۔ ساہیوال میں 2 کنکشنز منقطع اور 2 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ بہاولپور میں 2 غیر قانونی کنکشنز اور 10 کمپریسر کنکشنز منقطع کیے گئے۔ راولپنڈی میں 5 غیر قانونی کنکشنز اور 4 کمپریسر کنکشنز منقطع کیے گئے۔ مردان میں 14 کنکشنز غیر قانونی گیس استعمال پر منقطع کیے گئے اور 7 لاکھ 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ پشاور اور کرک میں 45 کنکشنز منقطع کیے گئے، جبکہ 2 لاکھ 76 ہزار روپے کے جرمانے عائد ہوئے اور 11 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ گجرات میں 3 غیر قانونی کنکشنز منقطع اور 20 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے۔ فیصل آباد میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے واپڈا ایس ڈی او سمیت 2 افسروں کو بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ کر الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایس ڈی او فیسکو وسیم باری اور ٹیسٹ انسپکٹر خالد حسین چک نمبر 197 رب باگیوالا میں اپنی رہائش گاہوں پر نصب میٹرز کی چھیڑ چھاڑ اور ڈائریکٹ لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے۔ ملزموں کی گرفتاری کے لئے کوشش شروع کر دی گئی۔ دریں اثنا لیسکو آپریشن کے دوران مزید341 ملزمان پکڑے، مقدمات درج کرا کے 12کو گرفتار کرا دیا گیا۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12 کمرشل، 5 زرعی، 1انڈسٹریل اور323  ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو 2لاکھ 59ہزار994  یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ9 لاکھ6 ہزار506 روپے بنتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن