سری نگر (کے پی آئی) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں 26مقامات پر چھاپے مارے اور ایک شخص کو گرفتار جبکہ متعدد سے پوچھ گچھ کی ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے نے ضلع بارہمولہ میں متعدد مقامات پرچھاپے مارے۔ اس نے سانگری کالونی بارہمولہ میں مولوی محمد اقبال بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا اور چھاپے کے دوران کچھ دستاویزات اپنے قبضے میں لیں۔این آئی اے نے ٹنگمرگ کے علاقے ریشی پورہ میں فاروق احمد وانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جو جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔این آئی اے نے کہا کہ پلوامہ اور رامبن میں بھی چھاپے مارے گئے اور کئی مشتبہ افرادکو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیاگیا ہے۔دریں اثنا این آئی اے نے بھارتی ریاستوں آسام، مہاراشٹر، اتر پردیش اور دہلی میں بھی متعددمقامات پرچھاپے مارے اور شیخ سلطان صلاح الدین ایوبی عرف ایوبی کو گرفتارکیا۔بیان میں کہا گیا کہ ملزم کو این آئی اے کی خصوصی عدالت پٹیالہ ہائوس، نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔ این آئی اے نے بھارتی ریاست آسام کے علاقے گولپارہ، مہاراشٹراکے علاقوں اورنگ آباد، جالنا اور مالیگائوں، اتر پردیش کے علاقوں میرٹھ اور سہارنپور اور دہلی میں چھاپے مارے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر، آسام اورجھارکھنڈ میں3 بھارتی فوجیوں نے خود کشی کر لی ۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے بہروٹ بالاکوٹ میں تعینات بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار دی۔ خودکشی کرنے والے فوجی اہلکار کی شناخت بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے علاقے کافرہ الموڑہ کے رہائشی منیش بشت کے طور پر ہوئی ہے۔ قابض حکام نے بتایا کہ منیش نے اپنے سروس ہتھیار سے خود کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جس کی شناخت جادھو اتول ہری کے نام سے ہوئی ہے،شورش زدہ ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی کے مضافاتی علاقے رانی میں واقع کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کراپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ایک اور واقعے میں شورش زدہ ریاست جھارکھنڈ میں ضلع دھنباد کے علاقے لیاکڈ میں قائم کیمپ میں سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کا ایک کانسٹیبل جس کی شناخت 24سالہ آکاش کمار کے طور پر ہوئی ہے، پنکھے سے لٹکا ہوا پایا گیا۔