کراچی (کامرس رپورٹر) ڈاکٹر ذاکر نائیک کے گورنر ہائوس میں اجتماع میں مقبول پاکستانی اداکارہ یشما گل نے اہم سوال پوچھ لیا۔ اداکارہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بتایا کہ وہ ماضی میں لادین ہوگئی تھیں اور پھر وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات سن کر واپس دین کی طرف آئیں۔ یشما گل نے سوال کیا کہ جب اللہ تعالی نے پہلے سے ہی انسان کی تقدیر لکھ دی ہے تو انسان کے اپنے اختیار میں کیا ہے؟، اگر انسان اپنی زندگی میں صحیح یا غلط کام کر رہا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے کیونکہ ہم انسان تو یہی سمجھتے ہیں کہ تقدیر تو پہلے ہی لکھی جا چکی ہے۔ اداکارہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ یہ سوال ہر مسلمان کے ذہن میں آتا ہے، اکثر لوگ ہمت کر کے یہ سوال پوچھ لیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ فتوے کے خوف کی وجہ سے یہ سوال پوچھنے سے گھبراتے ہیں۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ اللہ تعالی کو غیب کا علم ہے، اللہ تعالی کو معلوم ہے کہ انسان نے اپنی زندگی میں کونسے کام کرنے ہیں پھر چاہے وہ کام اچھے ہوں یا غلط۔ انہوں نے کہا کہ انسان وہ نہیں کرتا جو اللہ تعالی نے اس کی تقدیر میں لکھ دیا ہے بلکہ اللہ تعالی نے وہ لکھا ہے جو انسان نے کرنا ہے کیونکہ اللہ تعالی کو غیب کا علم ہے اور اللہ جانتا ہے کہ فلاں شخص اپنی زندگی کے کس موڑ پر کیا فیصلہ لے گا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ایک چوراہے پر کھڑا ہے، وہاں سے چار مختلف راستے نکلتے ہیں تو اللہ تعالی نے اس کی تقدیر میں وہ راستہ لکھا ہے جو اس انسان نے اس وقت اپنی سوچ سے چنا یعنی وہ راستہ اللہ تعالی نے نہیں چنا بلکہ انسان نے خود اپنے لیے اس راستے کا انتخاب کیا۔ ذاکر نائیک نے کہا کہ لوگ مجھ سے پاکستان کے حالات کی شکایت کرتے ہیں، پاکستان امریکا سے کہیں زیادہ بہتر ہے، مسلم ملک چھوڑ کر غیر مسلم ملک میں بسنے کی کبھی حمایت نہیں کرتا، پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا میں رہنے سے کئی گناہ زیادہ ہیں۔ گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک سے گورنر ہائوس سندھ میں ملاقات کی جو کہ 45 منٹ سے زائد جاری رہی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے ان کو 2 دہائیوں سے امت مسلمہ کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ان پر مظالم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک سن کر اشکبار ہو گئے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے درخواست کی کہ وہ اپنی دعائوں میں ڈاکٹر عافیہ کو یاد رکھیں اور ان کی جلد رہائی کے لیے خصوصی طور پر دعائیں کریں۔ کراچی سے این این آئی کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنرہاؤس میں شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے خصوصی کانووکیشن میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے صاحبزادے شیخ فارق کو گولڈ میڈل دیا جبکہ مختلف شعبہ جات میں نماں خدمات انجام دینے والوں کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی۔ ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری حاصل کرنے والوں میں متحدہ عرب امارا ت کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی، کویت کے قونصل جنرل سالم یوسف الحمدان، متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیط عتیق الرمیتھی، یو اے ای کی میڈیا کونسل میں میڈیا سٹریٹجی اور پالیسی سیکٹر کے سی ای او میتھا ماجد السویدی، اسلامک سکالرکوکب نورانی اوکاڑوی، مفتی نعمان نعیم اور گورنر سندھ کے مشیر برائے آئی ٹی مزمل اطہر شامل تھے۔