اسلام آباد (این این آئی) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے خود ساختہ روپوشی اختیار کی ہوئی ہے۔ ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک جتھا آیا تھا جس کا دعویٰ تھا کہ وہ پْرامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں تو وہ کون سے ہسپتال میں ہیں، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے۔ جب چینی صدر پاکستان کے دورے پر آ رہے تھے تو پی ٹی آئی نے ان کا دورہ سبوتاژ کیا اور اب پی ٹی آئی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژکرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گورنر خیبر پی کے نے کہا کہ علی امین گنڈاپور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔ کے پی کے میں صرف ایک ہی چیز ہو رہی ہے اور وہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے خوفناک بات یہ ہے کہ یہاں دہشت گردوں کو لایا جاتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور کی روپوشی سے متعلق کے پی کے اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا ہے۔
گنڈا پور وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ملک دشمنی ہے: فیصل کنڈی
Oct 07, 2024