کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی انا پرست انسان ہیں اور بدقسمتی سے ان کی انا پاکستان سے بھی اونچی ہے۔ انہیں پاکستان کی بھی پرواہ نہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جب تک سہولت ملتی رہی سب ٹھیک تھا، عمران خان کا مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے اور دوسری صورت میں ملک کی تباہ کرنا ہے۔ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تاکہ معاہدہ خراب ہو اور ملک کی معیشت تباہ ہو۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی دھرنے میں افسران کو دھمکیاں دیں اور اداروں پر حملہ کیا پھر جب فوج نے خود کو سیاست سے الگ کیا تو وہ فوج کے مخالف ہو گئے۔ بانی پی ٹی آئی آج بھی ملک کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، ماضی میں چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا گیا اور اب شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کو بھی خراب کروانا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سیاستدانوں سے الگ نہیں، کون سا سیاستدان ہے جو جیل نہیں گیا، گرفتار نہیں ہوا، انہوں نے گرفتاری کے ردعمل میں فوج میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔