اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور امن و امان کے لیے خطرہ بننے والی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کو کالعدم قرار دیکر پابندی عائد کردی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پی ٹی ایم کو کالعدم قرار دیکر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی 1997 کے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت عائد کی گئی۔ خیال رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی بنیاد مئی 2014 میں رکھی گئی تھی اور تب اس کا نام محسود تحفظ موومنٹ تھا تاہم 4 سال بعد جنوری 2018 میں نام تبدیل کرکے پشتون تحفظ موومنٹ رکھ دیا گیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین ہیں۔ رکن اسمبلی علی وزیر سمیت متعدد رہنما سنگین الزامات پر جیل میں ہیں جبکہ ایک رکن اسمبلی اور مرکزی رہنما محسن داوڑ نے 2021 میں پارٹی سے علیحدہ ہوکر نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔