اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی مشترکہ کاوشوں سے سری لنکا میں کئی سال سے قید 56 پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے چارٹرڈ طیارہ سری لنکا روانہ ہو گیا۔ سری لنکا میں قید56 پاکستانی قیدی وطن واپس آئیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وزارت داخلہ قیدیوں کو واپس لانے کیلئے گزشتہ تین ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ رابطے میں تھی۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن حکومت اور ہائی کمشنر کاشکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی واپسی کے اخراجات برداشت کرنے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا بھی شکریہ ادا کیا۔