احتجاج کی آڑ میں تشدد، دہشتگردی کی اجازت نہیں، منہ توڑ جواب ملے گا: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں تشدد اور دہشت گردی کی اجازت نہیں، منہ توڑ جواب ملے گا۔ عوام پوچھتے ہیں، کیسا پرامن احتجاج ہے، سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو حملے کرکے زخمی کردیا گیا۔ تحریک انتشار مسلح جتھے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد احتجاج کی وجہ سے لوگوں کا کاروبار متاثر ہوا، لاکھوں شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسروں کو اذیت دینا اور عوام کے جان ومال پر متعین پولیس اہلکاروں پر تشدد کون سی سیاست ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید کانسٹیبل حمید شاہ کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے کانسٹیبل حمید شاہ شہید اور دیگر ڈیوٹی اہلکاروں پر تشدد کی شدید مذمت بھی کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر سیباسٹین سیوس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں اوکاڑہ میں سائلوز کا پائلٹ پراجیکٹ لانچ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ لائیوسٹاک، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر صنعتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ارجنٹائن کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین دو طرفہ تعلقا ت بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس انٹرایکشن بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ ارجنٹائن کی میٹ پروسیسنگ ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہے۔ لائیوسٹاک، کھیلوں کا سامان اور سرجیکل آلات کے شعبے میں ارجنٹائن سے تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سکیورٹی سمیت تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھا یا جا سکتا ہے۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ زراعت، فارماسیوٹیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ لائیو سٹاک اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں پنجاب کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔ تجارت کے فروغ کیلئے گورنمنٹ ٹو گورمنٹ اور بزنس ٹو بزنس کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لئے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی کے شعبے میں بھی پنجاب کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ ارجنٹائن کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ایریکا لوسیرو، سینیٹر پرویز رشید اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی موجود تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن