لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی و دیگر حکام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی سی راولپنڈی و دیگر متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کیلئے حفاظتی اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔ رواں برس پنجاب میں ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض راولپنڈی میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے تجربات سے استفادہ کیا جائے اور ڈینگی کے بڑھتے گراف کو کنٹرول کیا جائے۔ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کر کے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایف آئی آرز، عمارات سیل اور جرمانوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کیا جائے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ اجلاس میں پروفیسر وسیم اکرم کے علاوہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور سی ای او ہیلتھ راولپنڈی کی بھی شرکت ہوئی۔