ہر اختلاف سے بالاتر ہوکر پاکستان کا کلیدی کردار ہی ہماری ترجیح ہے:لیاقت بلوچ 

Oct 07, 2024

لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب وزیراعظم،وزیر خارجہ اسحاق ڈار، حکمران جماعت مسلم لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے لیاقت بلوچ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور حافظ نعیم الرحمن سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی کی تجویز کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ طور پر طے کیا ہے کہ آج پورا دن فلسطین سے یکجہتی کا دن ہوگا اور آج ہی آل پارٹیز کانفرنس بھی بلائی جارہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا جماعت اسلامی کے حکومت سے کئی بنیادی اختلافات ہیں اور پوری قوم آگاہ ہے لیکن اتحادِ اْمت اور عالم اسلام خصوصاً فلسطین اور کشمیر کے ایشو پر ہر اختلاف سے بالاتر ہوکر پاکستان کا کلیدی کردار ہی ہماری ترجیح ہے۔ فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی صیہونی جارحیت و غنڈہ گردی کی مزاحمت اور مذمت سے پاکستان کا مسئلہ کشمیر پر مقدمہ مضبوط ہوتا ہے۔ لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس میں کہا دہشت گردوں کے ہاتھوں سکیورٹی فورسز کے افسران، جوان اور سکیورٹی پوسٹس و گاڑیاں نشانہ بن رہے ہیں۔ دوسری طرف سیاسی محاذ پر شدید تناؤ خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے۔ حکومت اور سٹیبلشمنٹ اپوزیشن سے احتجاج کا آئینی، جمہوری حق چھین رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں