بینک آف پنجاب نے غیرملکی کرنسی پرقرض دینے کی سہولت حاصل کرلی 

لاہور(کامرس رپورٹر) بی او پی اور اے ایف ڈی کے درمیان پہلی بار کنسیشنل گرین بینکنگ آن لینڈنگ کی 54.2 ملین امریکی ڈالر کی سہولت پر دستخط۔دی بینک آف پنجاب نے فرانس کی ایک سٹیٹ ڈویلپمنٹ ایجنسی اے ایف ڈی سے 54.2ملین ڈالر کی غیر ملکی کرنسی پر قرض دینے کی سہولت حاصل کر لی ہے۔ اس سہولت کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی موافقت اور تخفیف کے منصوبوں اور سرگرمیوں کو آگے قرض دینا ہے۔ کریڈٹ کی سہولت کے علاوہ اے ایف ڈی ،بینک آف پنجاب کو تکنیکی معاونت کے پروگرام کی سپورٹ کیلئے6 لاکھ 75 ہزار یوروکی گرانٹ بھی فراہم کر رہا ہے۔ غیر ملکی کرنسی پہ کنسیشنل کریڈٹ کی یہ پہلی سہولت ہے جس کا اہتمام ایک پاکستانی کمرشل بینک نے خاص طور پر موسمیاتی فنانسنگ سے کیا ہے۔ مزید برآں، یہ تعاون اے ایف ڈی اور پاکستانی کمرشل بینک کے درمیان پہلی شراکت داری ہے جو کہ دونوں اداروں کیلئے اہم سنگ میل ہے۔ 2 سال تک جاری رہنے والے سخت انتخابی عمل کے ذریعے بی او پی کو اے ایف ڈی کے ساتھ شراکت دار بینک کے طور پر منتخب کیا گیا۔یہ سہولت دونوں اداروں کے درمیان ایک طویل مدتی اسٹریٹجک شراکت داری کیلئے پہلا قدم ہے۔ معاہدہ طے پانے کے موقع پر دستخط کی تقریب  AFD ہیڈ آفس پیرس میں منعقد کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن