لاہور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ راغب حسین نعیمی نے کہا عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے۔ آج اس پر فتن دور میں پاکستان کی دینی صحافت میں سہ ماہی انوار رضا جوہرآباد نے گولڈن جوبلی انٹرنیشنل ختم نبوت نمبر شائع کر کے پوری قوم کی صحیح سمت میں رہنمائی کی ہے۔ اس سلسلے میں انتہائی اہم اور مفید جہتوں پر کام کیا گیا ہے جس پر مدیر اعلیٰ ملک محبوب الرسول قادری ہدیہ تبریک اور خراجِ تحسین کے لائق ہیں۔ وہ الامین اکیڈمی لاہور میں منعقدہ جریدہ کی تقریب جلوہ نمائی میں خطاب کر رہے تھے۔ مہمان خصوصی جسٹس میاں نذیر اختر نے کہا اس وقت عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس میں 1935ء کا وہ تاریخ ساز عدالتی فیصلہ بھی شامل ہے جو بہاولپور میں فتنہ قادیانیت کے کذب و افترا کی قلعی کھولنے کیلئے پہلی عدالتی شہادت ہے۔ اس میں 18 ممالک سے سکالرز کے پیغامات اور ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا۔ مہمان اعزاز علامہ پیر محمد اسلم شہزاد قادری نے کہا حضرت پیر میر علی شاہ گولڑوی کا یہ قول پیش نظر رہنا چاہیے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرنیوالے شخص کی پشت پر تاجدار ختم نبوتؐکا دست شفقت ہوتا ہے۔تقریب سے حافظ سعد اللہ ، سجاد میر منصور آفاق ، علامہ پیر اسلم شہزاد قادری ، سید احسان احمد گیلانی ، علامہ غلام دستگیر فاروقی ، ممتاز احمد سدیدی الازہری، آکاش اعوان ، محمد نواز کھرل ، علامہ محمد احمد اعوان سمیت متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا۔
انوار رضا نے گولڈن جوبلی انٹرنیشنل ختم نبوت نمبر شائع کر کے قوم کی رہنمائی کی:راغب نعیمی
Oct 07, 2024