ملک دھرنوں،فتنہ، انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا:ہشام الٰہی ظہیر  

Oct 07, 2024

لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹرعلامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا انتشاری سیاست بدامنی اور آئے روز احتجاجوں سے پاکستان کا امیج پوری دنیا میں متاثر ہورہا ہے۔ اسرائیل اور بھارت پاکستان اور عالم اسلام کے ازلی دشمن ہیں۔ ایک پارٹی اپنی سیاست چمکانے کیلئے بھارت جیسے ازلی دشمن سے مددمانگ کر وطن عزیز کیساتھ سنگین غداری کی مرتکب ہوئی ہے۔ ملک دھرنوں،فتنہ، انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔جب بھی ملک معاشی طور پر مضبوطی کی طرف چلتا ہے۔ شرپسند عناصر اسے کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ غیر جمہوری قوتیں گہری سازشیں کرکے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے پر تل گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ قرآن و سنہ اسلامک سنٹر لاہور میں اہلحدیث یوتھ فورس، تحریک طلبہ اہلحدیث کے عہدیدران سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ہشام الہی ظہیر نے کہا موجودہ اپوزیشن کا محور ملک میں انتشار شرانگیزی کی سیاست کرنا ہے۔ ملک میں شنگھائی کانفرنس ہونے جارہی ہے۔ ان حالات میں انتشاری گروپ متحرک ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی حالات کو بہتری کی طرف گامزن کرنے کے لئے دین، اسلام پسند جماعتوں کو آگے آنا چاہئے۔

مزیدخبریں