بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ، 36 ماؤ علیحدگی پسند ہلاک

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی سکیورٹی فورسز نے وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے درجنوں مشتبہ ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز اور مشتبہ ماؤ علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپ کا واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھتیس گڑھ کے نارائن پور اور دنتے واڑہ اضلاع کے درمیان سرحد پر واقع ابوجھماد جنگل میں تقریباً 50 مشتبہ باغیوں کو گھیر لیا۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ کے نتیجے میں 36 مشتبہ ماؤ علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے کارروائی میں بھارتی سکیورٹی اہلکاروں کے جانی نقصان سے متعلق آگاہ نہیں کیا جبکہ ماؤ علیحدگی پسندوں کی جانب سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز 1967 سے ماؤ علیحدگی پسندوں کے ساتھ جنگ لڑ رہی ہیں، جنہیں نکسلائٹس کے نام سے جانا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن