قصور:بستی ونیکاں والی میں آوارہ کتے خوف کی علامت بن گئے

Oct 07, 2024

قصور(نمائندہ نوائے وقت)بستی ونیکاں والی میں میونسپل کارپوریشن کی لاپرواہی اور ناکافی انتظامات کے باعث آوارہ کتے خو ف کی علامت بن گئے۔ کتوں کے حملوں میں 12 مرد، 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 17 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والوں میں گلزار حسن، خالد، شاہ محمد، محمد سلیم، عبداللہ، محمد وارث، محمد لطیف، بابر، سیلمان، رانی بی بی، مسکین بی بی شامل ہیں، جبکہ دو بچے بھی ان حملوں کا شکار ہوئے۔ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مطابق ایک ہی دن میں 17 سے زائد کتا کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ میونسپل انتظامیہ کی طرف سے اس سنگین مسئلے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جانے کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ تاہم، انتظامیہ کی جانب سے اس مسئلے پر تاحال کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں