اسلام آباد (خبرنگار)مسجد اقصی جو اسلام کا قبلہ اول اور انبیا کرام کا مدفن ہے،یہ مقدس مسجد مسلمانوں کا تیسرا حرم ہے،اس کے دفاع کے لیے مجاہدین اسلام نے انتہائی کم وسائل کے ساتھ اور ساری دنیا کی مخالفت کے باوجود جو جدوجہد شروع کی ہے اس کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے. اس عرصے میں انتہائی شدید مالی اور جانی نقصان کے باوجود ان کا استقامت سے کھڑے رہنا اور دشمن کو نقصان سے ہمکنار کرنا غزہ کے مسلمانوں کی کامیابی اور اسرائیل کی شکست ہے .پوری دنیا اپنے تمام لا لشکر کے ساتھ کچھ بے سر و سامان مگر ایمان کے جذبے اور قربانی کی روح سے سرشار مجاہدین کا مقابلہ کر رہی ہے. ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے کیا. انہوں نے مزید کہا کہ اصل جوہر جو انسان کو بہادر بناتا ہے وہ ایمان کا جوہر ہے اور اسی ایمان کی بنیاد پر مجاہدین وہ جنگ لڑ رہے ہیں جو کسی معجزے سے کم نہیں۔جماعت اسلامی پاکستان ہر قدم اور ہر محاذ پر مجاہدین اسلام کے ساتھ کھڑی ہے. اسرائیل کی ہٹ دھرمی کے نتیجے کے طور پر لبنان اور ایران بھی اس جنگ میں شامل ہو گئے ہیں. ہم مجاہدین اسلام کو سلام پیش کرتے ہیں