راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)محکمہ زراعت پنجاب کے تحت سموگ کنٹرول کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ بات سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے سموگ کنٹرول بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ سموگ کنٹرول پروگرام پر عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ کاشتکاروں کو 5 ارب روپے کی لاگت سے60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈرز فراہم کئے جا رہے ہیں جس کی مدد سے دھان کی باقیات کو کارآمد بنایا جائے گا۔ دھان کی باقیات کو آگ لگانے کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ سموگ کنٹرول پروگرام پر من و عن عملدرآمد کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے۔متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ اس ضمن میں دھان کی باقیات کو آگ لگانے والے عناصر کی فوری رپورٹ کی جائے گی اور قانون کے مطابق فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔سموگ کنٹرول کیلئے محکمہ زراعت کی فیلڈ سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔