راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے راولپنڈی میں ڈینگی کے بڑھتے گراف کو کنٹرول کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر میں ڈینگی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، سی ای او ہیلتھ راولپنڈی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ رواں برس پنجاب میں ڈینگی کے سب سے زیادہ مریض راولپنڈی سے رپورٹ ہو رہے ہیں جو کہ تشویشناک صورتحال ہے انہوں نے کہا کہ 2024 میں لاہور میں تاحال 230 ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1934 ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے جن کی وجہ سے ڈینگی وائرس اسقدر ذیادہ پھیل رہا ہے اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی جائے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں ضلعی انتظامیہ راولپنڈی کی طرف سے ایف آئی آرز، سر بمہر عمارتوں اور جرمانوں میں گزشتہ برسوں کی نسبت خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے مگر اس کے باوجود ڈینگی کا گراف میں اضافہ قابل توجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کیا جائے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے.