راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)حضور نبی کریم ؐ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ کا انعقاد صغری مسجد بولٹن UK کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کی جبکہ پیر محمد ثوبان نقیب الرحمن خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا کہ عشقِ رسولِ مقبول ؐ کا جذبہ انسانیت کو بلندیاں عطا کرتا ہے اور اسی جذبے پر تمام نظامِ کائنات موقوف ہے۔ چونکہ ہر معاملہ رحمتِ الہی سے مشروط ہے اور اللہ تعالی کی رحمت حضور نبی کریم ؐ ہیں لہذا آپ ؐ کے ارفع و اعلی وسیلے کے بغیر حصولِ رحمتِ الہی ممکن نہیں ہے۔ محسنِ اعظمِ انسانیت ؐ کے غلام ہونے کی حیثیت سے ہمیں چاہئے کہ اپنے اچھے اخلاق و کردار سے دینِ متین اسلام اور پاکستان کے سفیر بنیں۔ مصطفی جانِ رحمت ؐ کے فرمان کے عین مطابق دیارِغیر میں بسنے والے پاکستانیوں کو دنیا کے جس مقام پر وہ مقیم ہیں وہاں کے تمام قوائد و ضوابط کی پابندی لازمی ہے۔اللہ تعالی حقوق اللہ کو معاف فر ما دے گا مگر حقوق العباد معاف نہیں فرمائے گا تا وقتیکہ آپ اس سے معافی نہ مانگیں جس کو آپ نے تکلیف پہنچائی ہے۔ آ ج طاغوتی قوتیں انتہا پسندی کا تعلق اسلام کی طرف منسوب کرنا چاہتی ہیں ہمیں چاہئے کہ نہ صرف ہر قسم کی انتہا پسندی سے دور رہیں بلکہ اپنے نوجوانوں پر نظر رکھیں اور ان کے دلوں میں یہ بات راسخ کریں کہ انتہا پسندی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ اس عظیم روحانی اجتماع میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں و دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلم کمیونٹی نے شرکت کی۔ محفل کا اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمدحسان حسیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی حفاظت و ترقی کے لئے خصوصی دعا پر ہوا۔