اسلام آباد(خبرنگار)امت مسلمہ کی خاموشی کے بعداسرائیل نے پورے خطے میں جنگ پھیلادی ہے ،جب تک مسلم ممالک اسرائیل اور اس کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کے خلاف ٹھوس کارروائی نہیں کریں گے تب تک اسرائیلی دہشت گردی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ دہشت گردی کی کارروائیوں پر مسلم ممالک کا خاموش تماشائی بنے رہنا ایک جرم ہے۔پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اغیارکی سازش ہے ۔جمعیت علما اہل حدیث کے چیئرمین قاضی عبدالقدیرخاموش ودیگرحاجی عبدالغفارسلفی ،علامہ عبدالخالق فریدی،ثنا اللہ ڈار، ابوبکرقدوسی ،حاجی محمدایوب ،حافظ عبدالباسط ودیگر نے کہاہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں اور حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت طاقت کی زبان کے علاوہ کچھ نہیں سمجھتی ،غز ہ کے بعداسرائیل نے جنگ کولبنان اوردیگرممالک میں پھیلاناشروع کردیاہے ۔امریکا، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک کے تعاون اور آشیرباد سے مشرقِ وسطی کے مختلف ممالک میں ناجائز ریاست اسرائیل کی دہشت گردی کا سلسلہ بڑھ گیاہے۔ اسرائیلی افواج سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھے، سلامتی کونسل مشرق وسطی میں امن بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔