ملتان ٹیسٹ آج سے شروع، قومی ٹیم کا اعلان، ٹرافی کی رونمائی

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریزکے پہلے میچ کیلئے پاکستان نے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا۔پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم 3 فاسٹ بائولر اور ایک ریگولر سپنر کیساتھ میدان میں اتریگی۔کپتان شان مسعود، سعود شکیل، بابر اعظم، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق ٹیم میں شامل ہیں۔ محمد رضوان، سلمان علی آغا اور عامر جمال بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد بھی ٹیم میں ہیں۔کپتان شان مسعود نے کہا کہ انگلینڈ بین سٹوکس کے بغیر بھی کھیلی ہے، ان کی متوازن ٹیم ہے، انگلینڈ کو سٹوکس کا نقصان ضرور ہو گا لیکن ان کی پلیئنگ الیون اچھی ہے، سٹوکس دنیا کے بہترین آل راؤنڈر ہیں۔ ہمیں اپنی مضبوط کرکٹ کھیلنا ہے، ہم ماضی میں قریب آ کر ہارتے رہے ہیں، ہماری یہ بیسٹ پلیئنگ الیون ہے، عامر جمال کے آنے کا فائدہ ہو گا، تسلسل لانے کیلئے بیٹنگ لائن کو برقرار رکھا ہے۔ غلط اندازہ نہیں لگا سکتے فاسٹ بائولرز میں ورک لوڈ مینجمنٹ کیلئے روٹیشن پالیسی لانا پڑتی ہے۔ بیٹرز کی صورتحال تھوڑی مختلف ہوتی ہے۔  پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ آج سے ملتان میں شروع ہوگا۔میچ کا آغاز صبح دس بجے ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوئی۔ پاکستانی کپتان شان مسعود اور انگلش کپتان اولی پوپ نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ شان مسعود نے کہا کہ ہمیں فوکس کرنا ہے کس طرح انگلینڈ کی ٹیم کو قابو کرسکتے ہیں، انگلینڈ کی ٹیم کا سٹائل معلوم ہے انہوں نے کس طرح کرکٹ کھیلنی ہے، انگلینڈ کیخلاف آخری سیریز میں جیت کے بہت قریب تھے۔ انگلینڈ کی سٹرینتھ ایک کھلاڑی سے کم نہیں ہوگی۔انگلش ٹیم کے کپتان اولی پوپ نے کہا کہ کوشش کریں گے پچھلی بار کی طرح پاکستان سے یہ سیریز بھی جیتیں۔ سینئرز اور مینٹورز نے ٹیم کیلئے بہت محنت کی ہے، کھلاڑی محنت کر رہے ہیں بہترین پرفارمنس دیں گے، ہمارے پاس سپنرز ہیں ان کو استعمال کریں گے۔ سری لنکا اور پاکستان کی کنڈیشنز میں فرق ہے، پچ گراسی ہے ان فیلڈ کنڈیشن کے مطابق اپنے بائولرز کو استعمال کریں گے۔ شعیب اور لیچ ان کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کر چکے ہیں، پاکستان بہت مضبوط ٹیم ہے، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ بڑے کھلاڑی ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن