لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے اشتراک سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں عالمی نمائش پرسوں سے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں شروع ہو گی۔ 9سے 11اکتوبر تک جاری رہنے والی نمائش میں 30ممالک سے بڑی تعداد میں غیر ملکی خریدار شریک ہوںگے۔ ایگزیبیشن کمیٹی کے چیئرمین عثمان اشرف نے تفصیلات میں بتایا کہ 3 روزہ عالمی نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کرینگے۔ نمائش کے موقع پر پہلی مرتبہ انٹر نیشنل کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے نامور ملکی اور غیر ملکی معاشی تجزیہ کار خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی جانب سے غیر ملکی مہمانوں ،مینو فیکچررزاور برآ مد کنندگان کو عشائیہ بھی دیا جائے گا۔غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان آمد پر بہترین ہاسپیلٹی دیں گے اور ان کی سکیورٹی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی معاونت سے عالمی نمائش کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں ، ہم عالمی ایونٹ کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں جس سے صنعت کو تقویت ملے گی۔
ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش پرسوں سے شروع،30 ممالک شرکت
Oct 07, 2024