سری لنکا میں کئی سال سے قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرنجکاری عبدالعلیم خان کی کوششوں کے نتیجے میں سری لنکا میں کئی سال سے قید 5 خواتین اور 51 مرد قیدیوں کو آج چارٹرڈ طیارے پر وطن واپس لایاگیا۔ حکام کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی یقینی بنانےکے لیے ذاتی دلچسپی لی اور انہوں نے سری لنکن ہائی کمشنر کے ساتھ اس مسئلہ کو اٹھایا جب کہ علیم خان نےسری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے اخراجات برداشت کیے۔ محسن نقوی نے کہا کہ قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پرسری لنکن حکومت اورہائی کمشنرکےکردار کوسراہتے ہیں، قیدیوں کی واپسی کے اخراجات برداشت کرنے پر علیم خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وطن واپس آنے والی ایک بزرگ خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا شکریہ کہ ہم پاکستان واپس آگئے ہیں، آپ کی بہت مہربانی یہ احسان زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔ واپس آنے والے قیدیوں نےکہا کہ محسن نقوی اورعبدالعلیم خان کی بدولت آج وطن واپس آئے ہیں، جن حالات میں قید تھے، شکر ہے ہم واپس وطن آئے۔