پاکستانی اداکار و گلوکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے اپنی طلاق کی تصدیق کردی۔حنا الطاف اور آغا علی میں علیحدگی کی افواہیں گزشتہ 2 برس سے زیرِ گردش تھیں جس حوالے سے جوڑے نے کسی قسم کا بیان نہیں دیا تھا۔تاہم اب آغا علی کی جانب سے میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق کی اطلاع دی گئی جس کے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔انٹرویو کے آغاز پر احمد علی بٹ نے آغا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا 'ہیپیلی ڈیوورس مین، آپ کے کیا حال ہیں؟' اس طرح مخاطب کیے جانے پر آغا علی قہقہہ لگاکر ہنسے اور جواب دیا کہ آپ نے ایک دم کسی کو اونچائی سے نیچے پٹخ دیا۔احمد علی نے کہا یہ آپ کی ذاتی زندگی ہے اور آپ دونوں ہی بہت پیارے اور خوش اخلاق انسان ہیں، جو بھی ہوا یہ بدقسمتی تھی لیکن زندگی نہیں رُکتی وہ چلتی رہتی ہے، آپ دونوں نے اسے بہت اچھی طرح سے ہینڈل کیا جس کی میں قدر اور عزت کرتا ہوں، ورنہ ہمارے ہاں ڈھنڈورا پیٹ دیا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ڈرامہ بنا دیا جاتا ہے، تو میں آپ سے پوچھوں گا آپ کیسے ہیں۔آغا علی نے جواب دیا کہ الحمداللہ میں اب کافی اچھا ہوں، زندگی مشکل ہے لیکن کیا کہہ سکتے ہیں، میرے خیال میں زندگی کا کوئی بھی رشتہ ہو جو آپ نے اپنی خوشی سے بنایا ہو تو اس کو قائم رکھنے کے لیے آپ کو جی جان لگاکر پوری کوشش کرنی چاہیے اور دعا کرنی چاہیے لیکن اگر چیزیں درست سمت میں نہ ہوں تو رشتہ ختم کردینا چاہیے۔اداکار نے کہا اچھی چیز یہ ہے کہ ہم دونوں کبھی ایک دوسرے کی عزت کرنا نہیں چھوڑیں گے اور یہ سب سے اچھی بات ہے کیونکہ اکثر جب رشتہ ختم ہوتا ہے تو لوگ ایک دوسرے کی عزت نہیں کرتے اور نفرت پیدا ہوجاتی ہے، جب بری طرح رشتے ختم ہوں تو بغض اور نفرتیں ہوتی ہیں۔آغا نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہاں واقعی یہ بہت مشکل فیصلہ تھا اور زندگی میں کبھی اس کا تصور نہیں کیا تھا، میں شکر ادا کرتا ہوں کہ ہماری وجہ سے کسی اور جان (بچے) کو مشکلات نہیں اٹھانا پڑیں یا پڑیں گی، جب میں 5 سال کا تھا تو میرے والد کا انتقال ہوگیا تھا تو میں سمجھ سکتا ہوں کہ بچہ ماں یا باپ کے بغیر کیسے رہ سکتا ہے، شکر ہے ایسا کچھ نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ میں سب سے یہی کہوں گا کہ ہمارے لیے دعا کریں۔واضح رہے کہ رواں برس اگست میں مارننگ شو میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے شو میں حنا اور آغا کی طلاق کی تصدیق کی تھی لیکن بعدازاں انہوں نے اپنے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی زبان پھسل گئی تھی۔آغا علی اور حنا الطاف کی شادی کووڈ کے دوران مئی 2020 میں ہوئی تھی جب کہ 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں جسے آغا علی نے مسترد کردیا تھا۔