سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل نے محکمہ داخلہ پنجاب کےخط کے تناظر میں درخواست احتساب عدالت میں دائر کی جس میں وزارت داخلہ پنجاب کا آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کو لکھا گیا خط بھی منسلک کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالاجیل کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 2100 قیدیوں کی گنجائش ہے جب کہ ہمارے پاس 8 ہزار قیدی ہیں، قیدیوں میں دہشتگردی اور جرائم پیشہ افراد کے علاؤہ اہم سیاسی قیدی بھی ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 6 اکتوبر کو محکمہ داخلہ پنجاب کا خط موصول ہوا، ہمیں آگاہ کیا گیا کہ سکیورٹی کے لیے اضافی اقدامات اٹھائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مشقیں کرنی ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے درخواست میں استدعا کی کہ 7 اکتوبر کی 190ملین پاؤنڈکیس کی سماعت سکیورٹی خطرات کے پیش نظر آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔ بعد ازاں ایس پی اڈیالہ جیل کی درخواستیں احتساب عدالت، اسپیشل جج سینٹرل اور اےٹی سی راولپنڈی کے ججز کو بھجوائی دی گئیں۔واضح رہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے 18 اکتوبر تک جیل میں تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی اور کہا جارہا ہےکہ عمران خان سے بھی پارٹی رہنما، وکلاء، فیملی کی ملاقات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔