اسکرین پر ہشاش بشاش اور دلکش وخوبصورت نظر آنے والے بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان ایک نہیں کئی بار خراب صحت کا سامنا کرچکے ہیں۔
لیکن یہاں بات سلمان خان کے شوٹنگ کے دوران زخمی ہوجانے کی نہیں بلکہ اس خطرناک بیماری کی ہورہی ہے جس کی شدت انسان کو خودکشی پر بھی مجبور کردیتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان 2011 میں فلم ’باڈی گارڈ ‘ کی ریلیز سے قبل اس خطرناک بیماری کا شکار ہوئے جس کیلئے انہیں سرجری کروانا پڑی بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان بالی وڈ فلم ’ باڈی گارڈ‘ کی ریلیز سے چند روز قبل ایک ایسی اعصابی بیماری میں مبتلا ہوئے جسے ’ ٹرائیجیمنل نیوریلجیا ‘ کہا جاتا ہے، اس بیماری کی وجہ سے دبنگ خان کے سر، گالوں اور جبڑے میں شدید درد رہتا تھا جس کا انکشاف اداکار نے خود اپنے ایک انٹرویو میں کیا تھا۔
’ ٹرائیجیمنل نیوریلجیا‘ کیا ہے؟
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’ٹرائیجیمنل نیوریلجیا‘ ایک ایسی بیماری ہے جس میں چہرے کو دماغ سے جوڑنے والی نسیں متاثر ہوتی ہیں اور متاثرہ مریضوں کے سر اور چہرے کے پٹھوں میں شدید قسم کا درد ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس بیماری کو ’خودکشی کرنیوالی بیماری‘ بھی کہا جاتا ہے۔طبی ماہرین اس درد کو دنیا کا بدترین درد قرار دیتے ہیں جس کی شدت اتنی تیز ہوتی ہے کہ مریض کسی شخص کے چھونے، شیو کرنے یا پھر برش کرنے کے بعد بھی بدترین درد کا شکار ہوجاتا ہے اور درد کی شدت جب سہی نہیں جاتی تو خودکشی کا سوچنے لگ جاتا ہے۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس بیماری کے انکشاف کے بعد سلمان خان کی امریکا میں سرجری بھی ہوئی تھی۔