یو ایس اوپن : دینارا سافنا‘ شراپوا‘ اینڈی راڈک کو اپ سیٹ شکست

Sep 07, 2009

سفیر یاؤ جنگ
نیویارک (اے پی پی) عالمی نمبر ایک دینارا سافنا‘ سابق عالمی نمبر ایک ماریہ شیراپوا اور اینڈی راڈک اپ سیٹ شکست کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ فلشنگ میڈوز نیویارک میں جاری یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں روس کی عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار دینارا سفینا جمہوریہ چیک پیٹرا کیوی ٹوا سے اپ سیٹ شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ پیٹرا کیوی ٹوا نے 2-6\\\' 6-4 اور 7-6 سے کامیابی حاصل کی۔ ادھر سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس سٹار ماریہ شیراپوا کو امریکہ کی اوڈین سے ناقابل توقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی اوڈین نے پہلے سیٹ میں شکست کھانے کے باوجود اگلے دونوں سیٹس میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماریہ شیراپوا کو 3-6، 6-4 اور 7-5 سے ہرا دیا۔ روس کی عالمی نمبر 6 سوتیلانہ کوزینٹسوا نے اسرائیل کی شایہ پیر کے خلاف 7-5 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کر کے چوتھے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ ڈنمارک کی کارلائن وزیناکی نے سورانہ کرسٹیا کو بآسانی 6-3 اور 6-2 سے ہرا کر اگلے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔ روسی ٹینس سٹار نادیہ پیٹروا نے چین کی زینگ جی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر چوتھے رائونڈ میں جگہ بنائی۔ مینز سنگلز مقابلوں میں امریکی عالمی نمبر اینڈی راڈک ہم وطن جان اسنر سے ناقابل توقع شکست کھانے کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ جان اسنر کی فتح کا سکور 7-6، 6-3،3-6، 5-7 اور 7-6 رہا۔ دریں اثناء یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں امریکہ کی سرینا ولیمز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں کوارٹر فائنل میں انہوں نے سواکیہ کو ڈینیلا کو 6-0، 6-2 سے ہرایا۔
مزیدخبریں