13 رکنی نگران قومی کونسل کی باضابطہ منطوری‘ سیلاب زدہ چھوٹے زمینداروں کیلئے مفت بیج اور کھاد‘ متاثزہ خاندان کو 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے : مشترکہ مفادات کونسل

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی + مانیٹرنگ ڈیسک) مشترکہ مفادات کونسل نے 13 رکنی نیشنل ڈیزاسٹر اوور سائٹ مینجمنٹ کونسل (نگران قومی کونسل) کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی جس کے ارکان کے ناموں کو آئندہ چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ کونسل کے چیئرمین کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ کونسل نے فیصلہ کیا ہے سیلاب سے متاثرہ خاندان کے سربراہ کو 20 ہزار روپے کے حساب سے امدادی رقم فوری طور پر ادا کی جائے گی۔ یہ رقم متاثرہ افراد کو سمارٹ کارڈ کے ذریعے بنکوں میں اکاونٹ کھول کر دی جائے گی۔ وفاقی حکومت اور صوبے امدادی رقم کا نصف ادا کریں گے۔ 25 ایکڑ اراضی سے کم ملکیت کے کسانوں کو مفت بیج اور کھاد فراہم کی جائے گی۔ یہ بات وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے اختتام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ وزیر اطلاعات نے کہا مشترکہ مفادات کونسل نے سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد اور معاوضہ جات کی شفاف تقسیم یقینی بنانے کیلئے 13 رکنی نیشنل ڈیزاسٹر اوور سائیٹ مینجمنٹ کونسل (نگرانی قومی کونسل) کے قیام، 25 ایکڑ سے کم اراضی کے حامل کاشتکاروں کو آئندہ فصل سے قبل کھاد اور بیج مفت دینے اور متاثرین کو فوری طور پر 20 ہزار روپے کیش گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ امداد کے شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور تمام امداد متاثرین میں تقسیم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بیرون ممالک سے ملنے والی نقد امداد، امدادی سامان، اس کی تقسیم سمیت دیگر تمام معلومات ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کا فورم پالیسی سازی اور تعمیرنو و بحالی کیلئے کئے گئے فیصلوں میں استعمال ہو گا۔ کونسل میں چاروں صوبوں سے 2، 2‘ وفاقی حکومت کے 3 اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک رکن شامل ہو گا۔ یہ کونسل تعمیرنو و بحالی کے تمام عمل کی نگرانی کرے گی۔ متاثرین کے بارے میں سروے اور نقصانات کا تخمینہ لگائے گی۔ اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ صرف بیرونی امداد پر انحصار نہیں کرنا بلکہ اندرون ملک سے بھی اس کا انتظام کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیرنو کے منصوبوں کے جائزے اور ان کی منظوری کیلئے عیدالفطر کے فوری بعد وزارت خزانہ اور صوبائی حکومتوں کا اجلاس منعقد ہو گا۔ ہماری کوشش ہے کہ امداد کے کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ حکومت کی طرف سے متاثرین میں تقسیم ہونے والی نقد امداد اور امدادی سامان، بیرون اور اندرون ملک سے حاصل ہونے والی امداد اور فنڈز کی تمام تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی اور جس فرد تک یہ امداد سامان یا فنڈز تقسیم ہوں گے اس کا نام بھی اس ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا تاکہ اس کی تصدیق بھی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کے ذریعے آنے والا پیسے اور اس کے اخراجات بھی ویب سائٹ پر ڈالنے کا کہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران نواز شریف کی طرف سے غیر جانبدار کمیشن بنانے کی جو تجویز دی گئی تھی اس کو بھی زیر بحث لایا گیا تاہم اجلاس میں اوور سائیٹ کونسل کے قیام پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں کیش گرانٹ کی مد میں 20 ہزار روپے کی تقسیم کا آغاز عید سے قبل ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں حفاظتی بند توڑنے کے معاملہ پر کمشن قائم کریں گی اور شفاف تحقیقات خود کرائیں گی۔ اگر کوئی ذمہ دار ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دانستہ طور پر حفاظتی پشتے توڑے جانے کے جو الزامات سامنے آ رہے ہیں وفاق بھی ان کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ٹاﺅن کے مالک ہمیں 2 ارب ڈالر کی بجائے پہلے مرحلہ میں متاثرین کیلئے 10 سے 20 ارب روپے ہی دےدیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے تعاون سے صوبائی حکومتیں لگا رہی ہیں۔ اے این این کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ امداد ہر شخص کو پہنچائی اور پائی پائی کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ہر خاندان کو 20 ہزاروں روپے عید سے قبل ادا کئے جائیں گے۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق کائرہ نے بتایا کہ حکومت نے مالدار لوگوں سے زیادہ ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بارے میں صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن