پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے کی گنجائش ہے: سفیر ہیوگو غائث

لاہور (سپیشل رپورٹر) مدیر اعلیٰ نوائے وقت گروپ مجید نظامی سے ان کے دفتر میں نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے سفیر ہیوگو غائث سخیلتما نے ملاقات کی اس موقع پر نیدر لینڈ کے اعزای قونصل طارق الرحمن بھی انکے ہمراہ تھے۔ طارق الرحمن نے بتایا کہ ہالینڈ کے سفیر حال ہی میں پاکستان میں تعینات ہو ئے ہیںاور ان کی خواہش صحافیو ں سے ملنے کی تھی اسلئے میں نے ان کو پاکستان کے سب سے زیادہ بزرگ صحافی سے سب سے پہلے ملنے کا مشورہ دیا۔ مدیر اعلیٰ مجید نظامی نے ان کو بتایا کہ وہ دو مرتبہ ہالینڈ گئے ہوئے ہیں ایک مرتبہ جب وہ نوائے وقت کے لندن میں نمائندہ تھے دوسری مرتبہ وہ کامن ویلتھ پریس انسٹی ٹیویشن کی دعوت پر گئے تھے۔ اعزازی قونصل جنرل طارق الرحمن نے سوال کیا کہ نوائے وقت اس وقت کتنے ملکوں سے شائع ہوتا ہے جس پر مدیراعلیٰ مجید نظامی نے ان کو بتایا کہ نوائے وقت پاکستان کے چار شہروں جبکہ نیشن اخبار تین شہروں سے شائع ہوتا ہے اس کا کوئی بین الاقوامی ایڈیشن کسی دوسرے ملک سے شائع نہیں ہوتا ہے۔ صرف انٹرنیشنل انٹرنیٹ ایڈیشن ہم تیار کرتے ہیں۔ نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے سفیر ہوگوغائث سخیلتما نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس سے قبل اومان میں سفیر رہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں میں فرق ہے لیکن ایک چیز کامن ہے وہ یہ ہے کہ دونوں ملکوں کے لوگوں میں مہمان نوازی اور ملنساری بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے پاکستان میں سکیورٹی کنسرن ہیں لیکن ہمیں تعلقات کو اس سے بڑھ کر آگے بڑھانا ہے تاہم پاکستان اور ہالینڈ کی باہمی تجارت 500 ملین یورو ہے اس میں اضافے اور بہتری کی گنجائش بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کی پالیسی ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کے مذہب کا احترام کرتا ہے ۔ اس کے بعد ان کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے روزنامہ نوائے وقت کے مدیراعلیٰ مجید نظامی نے ان کو بتایا کہ پاکستان اس وقت تک دو جماعتی نظام کی طرف جا رہا ہے لیکن اس کے لئے اہم یہ ہے کہ تمام مسلم لیگی اکٹھی ہو جائیں تاکہ مسلم لیگ بہت بڑی جماعت بن کر اُبھرے تاہم اس وقت مسلم لیگ کے بعض دھڑوں میں اختلافات ہیں۔ اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومیت کی سیاست کرنے والی جماعتیں اپنے علاقوں تک محدود ہیں ان کو قومی سیاست میں زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی ہے قومی سطح پر دو جماعتیں اہم ہیں جن میں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن