یو ایس اوپن : اینڈی مرے کو اپ سیٹ شکست ‘ نوویک جو کووچ‘ سٹانسلاس سیمی فائنل میں پہنچ گئے

Sep 07, 2013

نیو یارک(اے پی پی) سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ اور سویٹزرلینڈ کے سٹانسلاس وارینکا یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ انگلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار، عالمی نمبر 3 اور دفاعی چیمپئن اینڈی مرے کوارٹر فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ امریکا میں جاری سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں نوویک جوکووچ نے روس کے میخائل یوزخنی کو 6-3، 6-3، 3-6 اور 6-0 سے ہرا کر میگا ایونٹ میںاپنی فتوحات کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔ ایک اور میچ میں سویٹزرلینڈ کے نائنتھ سیڈ سٹانسلاس وارینکا نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے عالمی نمبر تین اور دفاعی چیمپئن اینڈی مرے کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4، 6-3 اور 6-2 سے اپ سیٹ شکست دیکر ٹائٹل کے دفاع کا خواب چکنا چور کر دیا ۔ باب برائن اور مائیک برائن پر مشتمل ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن جوڑی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز کے سیمی فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئی۔ انکو بھارتی لینڈر پائس اور انکے جمہوریہ چیک کے جوڑی دار راڈک سٹیپانک پر مشتمل فورتھ سیڈ جوڑی نے شکست دیکر انکا ٹائٹل کے دفاع کا خواب چیکناچور کر دیا اور میگا ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور انکی چینی جوڑی دار جئی ژنگ پر مشتمل ٹینتھ سیڈ جوڑی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

مزیدخبریں