واشنگٹن (آن لائن)امریکی رکن کانگرس ایمسی نیسرا نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کریگا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے بھارت کے دورے سے واپسی پر بھارتی نژاد امریکی رکن کانگریس امیسی پیرا نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں واشنگٹن میں صدر بارک اوباما اور بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنما اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے کہ پاکستان بھارت تعلقات میں استحکام کے لئے امریکہ کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیا اور خطے میں سیاسی استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارت کو اس وقت سنگین اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملک ان چیلنجز سے باہر نکل آئیگا۔