اسلام آباد (آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) نے اربوں روپے کے مضاربہ سکینڈل کے مرکزی کردار مفتی احسان کو دوبارہ گرفتار کر لیا‘ ملزم کی طرف سے اسلامی بنکاری کے نام پر لوگوں سے اڑھائی کھرب سے زائد رقم ہتھیانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جمعہ کو نیب ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے چھاپہ مار کر اربوں روپے کے مضاربہ سکینڈل کے ملزم مفتی احسان کو ایک بار پھر گرفتار کر لیا۔ ملزم نے ملک اور بیرون ملک سے اسلامی بنکاری کے نام پر لوگوں سے اڑھائی کھرب روپے سے زائد رقم ہتھیائی ہے۔ نیب نے ملزم کو پلی بارگین کے تحت 54 کروڑ روپے کی رقم متاثرین کو واپس کرنے پر رہا کیا تھا جس کے بعد نیب کو سینکڑوں کی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں جن میں شہریوں نے مفتی احسان کی کمپنی کو رقم جمع کرانے کے شواہد بھی دئیے۔ ان شکایات کی بنیاد پر نیب راولپنڈی نے ایک بار پھر مفتی احسان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر لوگوں سے رقوم حاصل کرنے کیلئے دینی مدارس اور مساجد کے نیٹ ورک کو بھی استعمال کیا گیا اور مفتی احسان کے اکثر نمائندوں کا تعلق دیگر خاص مکاتب فکر سے ہے جو لوگوں کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں قائل کرتے ہیں۔
مضاربہ سکینڈل
”اڑھائی کھرب کا مضاربہ سکینڈل“ نیب نے مفتی احسان کو دوبارہ گرفتار کر لیا
”اڑھائی کھرب کا مضاربہ سکینڈل“ نیب نے مفتی احسان کو دوبارہ گرفتار کر لیا
Sep 07, 2013