نثار نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا: شہباز شریف، خوشی ہے جمہوریت کو سمجھا گیا: خورشید شاہ

Sep 07, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں کی پریس کانفرنس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ نثار علی خاں نے درگزر سے کام لیکر کشادہ دلی اور اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے۔ چودھری نثار نے جمہوریت کی بالادستی اور آئین کی سربلندی کیلئے قابل قدر مثال قائم کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نثار علی خان نے درگزر سے کام لیکر اچھی روایت قائم کی، اعتزاز احسن کو بھی اب درگزر سے کام لینا چاہئے، اب یہ معاملہ ختم ہونا چاہئے جبکہ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نثار نے ہماری توقع سے برعکس پریس کانفرنس کی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نثار نے وزیراعظم کی بات مان لی ہے۔ چودھری اعتزاز بڑے سیاستدان ہیں وہ بھی درگزر کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام کو مضبوط کرنا ہو گا، جمہوریت کے اثراب اب عوام تک پہنچانے کیلئے کام کرنا ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے سنیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہمیں اسکی توقع نہیں تھی۔ اگر وہ پہلے ہی چودھری اعتزاز احسن سے متعلق بات نہ کرتے تو شاید ایسے کشیدہ حالات پیدا نہ ہوتے۔ جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے تدبر کا مظاہرہ کیا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ چودھری نثار نے اعتزاز احسن کی باتوں کا جواب نہ دیکر وزیراعظم نواز شریف کی بات مان لی ہے اور آصف زرداری کے ساتھ میاں صاحب کی دوستی بچا کر انکی حکومت بھی بچا لی ہے مگر اس واقعہ کے بعد آصف زرداری اور پیپلز پارٹی پر حکومت کا انحصار حد سے بڑھ گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سیاست میں معاملات کو حد سے بڑھانا عقلمندی نہیں ہوتی، درگزر سے جمہوریت کو مضبوط اور خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔ خوشی ہے کہ وقت اور جمہوریت کے تقاضوں کو سمجھا گیا اور بہتری کی راہ نکالی گئی۔

مزیدخبریں