قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع

Sep 07, 2014

 لاہور( نمائندہ سپورٹس )نئے سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق قومی کرکٹروں کے فٹنس ٹیسٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شروع ہو گئے ہیں جو آج دوسرے روز بھی جاری رہیں گے۔ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم نے اکیڈمی سٹاف  کے ہمراہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان ٹیسٹوں میں بلیپ ٹیسٹ، ایجیلٹی، برداشت اور سٹیمنا ، فزیکل فٹنس اور میڈیکل فٹنس ٹیسٹ شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے  جنہیں دو دنوں میں مختلف ٹیسٹوں سے گذارا جائے گا۔ ان ٹیسٹوں کے بعد نتائج کا موازنہ تین ماہ قبل کھلاڑیوں کے لئے گئے ٹیسٹوں کے ڈیٹا سے کیا جائے گا اور ان کی موجودہ فٹنس کا  اندازہ لگانے کے بعد انہیں آئندہ تین ماہ کے لئے فٹنس بارے ہدایات جاری کی جائیں گی۔ شاہد آفریدی اور ناصر جمشید کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ سابق کپتان شاہد خان آفریدی بیرون ملک فنڈ ریزنگ مہم میں مصروفیت کے باعث فزیکل فٹنس کیمپ میں حصہ نہیں لے سکے جبکہ ناصر جمشید اپنی شادی کی وجہ سے حصہ نہیں لے رہے جنکے لئے بعد میں شیڈول بنایا جائیگا۔

مزیدخبریں