ملکی تحفظ کی خاطر جان قربان کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں: شجاعت

Sep 07, 2015

اسلام آباد(اے این این) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج اور عوام پاکستان پر حملہ کرنے پر بھارت کو آج بھی 1965ء والے جذبہ اور جرأت سے جواب دیں گے ، پاکستان کی طرف بڑھنے والا ہر ہاتھ کاٹ دیا جائے گا، مضبوط فوج کے کردار سے ہی پاکستان اپنے موجودہ مسائل و مشکلات پر قابو پا سکتا ہے، میں یوم دفاع کے موقع پر ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش ہونے والے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ وہ گزشتہ روز محمد بشارت راجہ اور دیگر لیگی رہنمائوں کے ہمراہ اسلام آباد کے مضافاتی گائوں محفوظ آباد (پنڈ ملکاں) میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کے مزار پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہر آڑے وقت میں ہماری افواج کا کردار مثالی رہا ہے، مضبوط فوج مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے، دنیا بھر میں کسی بھی ملک کی مثال نہیں ملتی جہاں اپنی افواج پر تنقید کی جاتی ہو، لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ وزیردفاع بھی فوج کو نہیں بخشتے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سانحہ پشاور سے لے کر سانحہ کراچی تک درجنوں واقعات سے نبرد آزما ہونا صرف فوج کا ہی کام ہے، آج یوم دفاع کے حوالے سے ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہئے کہ ہمیں متحد ہو کر مادرِ وطن کا دفاع کرنا ہے، ہم ہر سازش کیخلاف پاک افواج کا شانہ بشانہ ساتھ دیں گے۔ 

مزیدخبریں