کراچی (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی رہنما سردار ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں خون خرابہ ہونے کا خدشہ ہے۔ جن افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے وہ سرکاری ملازم نہیں لگتے ہیں اور دھاندلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں بلکہ زرداری کے ملازم ہیں۔ رینجرز کو اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرنا چاہئے۔ کرپشن کیخلاف کارروائیاں سندھ کے امور میں مداخلت نہیں ہے، نیب اندرون سندھ میں بھی کارروائیاں کرے۔ تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ رابطے میں ہوں۔ وہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ بھوک ہڑتالی کیمپ سے اظہار یکجہتی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کا ماس اور ہڈیا ں کھا گئی ہے، اب جو بچا ہے وہ بھی کھا رہی ہے، لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ لوگوں میں برداشت ختم ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی صرف اپنا پیٹ بھر رہی ہے، رینجرز جو کارروائیاں کررہی ہے اس سے کراچی میں کافی حد تک امن قائم ہوچکا ہے، رینجرز کو اندرون سندھ میں بھی کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے۔
بلدیاتی الیکشن میں خون خرابے کا خدشہ ہے، رینجرز کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرے: ممتاز بھٹو
Sep 07, 2015