اب ” ڈو مور“ امریکہ کی باری ہے‘ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا نوٹس لے: رضا ربانی

Sep 07, 2015

کراچی (اے این این) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستان نے بہت کچھ کیا ہے، اب ”ڈومور“ کی باری امریکہ کی ہے، بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی کا نوٹس لیا جائے، بھارت کو سیز فائر کا پابند بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ ہاﺅس کراچی میں یوم دفاع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونی عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان معاشی ترقی کرے اور خوشحال ہو، جب تک ملک میں دہشتگردی ہے، معاشی ترقی نہیں ہو گی، ہمیں یقین ہے کہ ملک سے دہشت گردی ضرور ختم ہو گی، اس کےلئے پاکستانی قوم اور مسلح افواج مسلسل کوشاں ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی قربانیاں دی ہیں۔ امریکی آتے ہیں اور ”ڈومور“ کا مطالبہ کر کے چلے جاتے ہیں۔ کاش وہ پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرتے اور ڈومور کے ساتھ سیالکوٹ جا کر ورکنگ باو¿نڈری بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا جائزہ لیتے۔ بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کے اہل خانہ کی حالت دیکھتے زخمی ہونے والے بچوں اور خواتین کی حالت کا جائزہ لیتے۔ بھارت کی اشتعال انگیزی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ”ڈومور“ امریکہ کی باری ہے امریکہ بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا نوٹس لے اور بھارت کو سیز فائر معاہدے کا پابند بنائے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ جب تک ملک میں دہشت گردی ہے معاشی ترقی نہیں ہوگی۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارتی جارحیت سے متعدد بچے بھی شہید اور زخمی ہو چکے، بیرونی عناصر نہیں چاہتے پاکستان میں معاشی ترقی ہو۔
رضا ربانی

مزیدخبریں